اعلی تعلیم کے شعبے کو تباہی سے بچا نے کیلئے قابل شخص کو چیئرمین مقررکیا جائے،فپواسا
اسلام آباد(نا مہ نگار)فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن(فپواسا)نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ہٹانے کے مطالبے کا اعادہ کیا اور 24اگست کو ایچ ای سی کے سامنے احتجاج کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔صدر ، فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر سہیل یوسف ،نائب صدر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری اورجنرل سیکرٹری ڈاکٹر کلیم بڑیچ سمیت دیگر عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی،انہوںنے کہا کہ فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز ، پبلک سیکٹر یونیورسٹیز فیکلٹی کی نمائندہ تنظیم نے حکومت سے چیئرمین ایچ ای سی کی تبدیلی کے مطالبہ کودہرایا ھے اور مطالبہ کیا کہ ایک قابل شخص کو مقرر کیا جائے ، جو فیکلٹی کے معاملات حل کرے اور اعلی تعلیم کے شعبے کو مزید تباہی سے بچائے۔ فیڈریشن نے 24اگست 2020کو ایچ ای سی ، اسلام آباد کے سامنے احتجاج کے لئے تمام صوبوں کی تیاری کا جائزہ لیا۔ فیڈریشن نے احتجاج میں شرکت کے لئے پورے پاکستان سے فیکلٹی ممبروں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کونسل کا آن لائن اجلاس 16اگست 2020کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے صوبائی چیپٹرز اور اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فپواسا نے عزم کیا کہ جب تک اساتذہ کے جائز مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔فپواسا نے ایچ ای سی پالیسیوں پر تحفظات آل پارٹیز کانفرنس کے ممبروں کو بھی پیش کرنے کا عزم کیا۔فیڈریشن نے اکیڈمیا کے بارے میں چیئرمین ایچ ای سی کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا۔