محرم الحرام حرمت اور قربانیوں کا مہینہ ،صبرو تحمل کا درس دیتا ہے، زرتاج گل
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی بے حرمتی پر متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملکر فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔محرم الحرام حرمت اور قربانیوں کا مہینہ ہے جو ہمیں صبرو تحمل کا درس دیتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 191ڈیرہ غازیخان میں کمشنر آفس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مشیر صحت پنجاب محمد حنیف پتافی، کمشنر ڈیرہ غازیخان ساجد ظفر ڈال، آر پی او عمران احمر، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، ڈی پی او اختر فاروق، چیئرمین بیت المال کمیٹی محمد حسین نیازی اور تمام مکاتب فکر کے امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں لیہ سے ایم این اے ملک نیاز احمد جھکڑ، راجن پور، مظفر گڑھ اور لیہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ذوالفقار علی کھرل، انجنئیر امجد شعیب ترین اور اظفر ضیا ، ڈی پی اوز اور امن کمیٹی کے اراکین نے بھی ویڈیو لنک کانفرنس میں شرکت کی اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر زرتاج گل نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیزی پر ہرگز رعائت نہ دی جائے گی اور محرم کے جلوس اور مجالس کو فرنٹ پر لیڈ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام حرمت اور قربانیوں کا مہینہ ہے اور اس سے ہمیں صبرو تحمل اور برداشت کا درس ملتا ہے۔ زرتاج گل وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی بے حرمتی پر متعلقہ محکموں اور قانون ناٖفذ کرنے والے اداروں کو ملکر فعال کردار ادا کرنا ہوگا اس کے علاوہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے۔اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائیگا۔