ٹرمپ غیر موثر صدر، کروڑوں امریکیوں کی جانوںکو خطرے میں ڈال دیا: ٹیلرسوئفٹ
لاہور (نیٹ نیوز) امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک غیر موثر صدر قرار دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹر پر ٹیلر سوئفٹ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کروڑوں امریکیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ یہ بیان انھوں نے امریکی صدر کی جانب سے پوسٹل سروس میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ اس کے کام کے اوقات کار کم کرنے اور کلیشن باکس کو ہٹانے کے فیصلے پر دیا۔ ٹیلر سوئفٹ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے امریکی پوسٹل سروس کو جزوی ختم کرنا یہ بخوبی ثابت کرتا ہے کہ ہم انہیں اپنا صدر (آئندہ الیکشن میں) نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے اقتدار کی کرسی پر براجمان رہنے کے لیے دھوکے بازی کی اور کروڑوں امریکیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔ ٹیلر سوئفٹ کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر موثر لیڈرشپ نے اس بحران کو مزید سنگین کیا ہے جس میں اس وقت ہم موجود ہیں اور اب وہ ہمارے حق رائے دہی کو ختم کر کے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔