حجرہ شاہ مقیم: پسند کی شادی پر لڑکی کے والدین نے لڑکے کے مکان کو آگ لگا دی
حجرہ شاہ مقیم (نامہ نگار) پسند کی شادی کا انجام، لڑکی کے والدین نے لڑکے کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ پورے گھر کو آ گ لگا دی۔ بھڑکتے شعلوں میں لاکھوں روپے کا سامان، دو تولہ سونا سمیت ڈیڑھ لاکھ روپے بھی جل گئے۔ ملزمان اہل خانہ پر تشدد کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس کو اطلاع کرنے پر ملزمان فرار ہو گئے۔ نواحی گائوں کلاسن چاہ کلاسناں والا داخلی جھجھ کلاں کا رہائشی محمد یوسف کے گھر ملزمان شاہد، ثناء اللہ، افتخار، شوکت علی، اعظم، محمد اسلم اقوام جھجھ ساکن جھجھ کلاں نے چار نا معلوم افراد کے ہمراہ محمد یوسف کے گھر داخل ہو گئے اور پٹرول سے بھری پانچ کینیوں کا منہ کھول دیا۔ پورے گھر پر پٹرول چھڑک کر آ گ لگا دی اور 44بور رائفل سے اندھا دھند فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلائے رکھا۔ دیگر ملزمان نے سیداں بی بی اور 80سالہ ضعیف شخص کو ڈنڈے سوٹے مار مار کر شدید زخمی کر دیا۔ آ گ کے شعلوں میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہو گیا جن میں دو تولے سونا سمیت ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی نوٹ بھی جل گئے۔ وجہ عناد یہ تھی کہ پانچ روز قبل ملزمان کی بیٹی نے گھر سے بھاگ کر متاثرہ خاندان کے لڑکے عمر دراز سے پسند کی شادی کر لی جنہوں نے عدالت میں نکا ح کر لیا۔ جس کی رنجش پر ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر دہشت پھیلائی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان فرار ہو گئے۔