معروف قوال، گلوکار اور موسیقار نصرت فتح علی خان کی23 ویں برسی منائی گئی
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) معروف قوال، گلوکار اور موسیقار نصرت فتح علی خان کی 23 ویں برسی گزشتہ روزمنائی گئی۔ وہ 13 اکتوبر 1948ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد استاد فتح علی خان موسیقار، گلوکار، قوال اور کئی سازوں پر عبور رکھتے تھے۔ نصرت فتح علی خان نے اپنی پہلی پبلک پرفارمنس ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ میوزکل فیسٹیول ’’جشن بہاراں‘‘ میں دی۔ انہوں نے زیادہ تر اردو اور پنجابی زبانوں میں قوالیاں اور گانے گائے تاہم ان کی کچھ پرفارمنس فارسی، برج بھاشا اور ہندی میں بھی ہیں۔ نصرت فتح علی خان نے 1985ء میں پیٹر گیبریئل کے ساتھ مل کر ساؤنڈ ٹریک ’’دی لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ‘‘ کیلئے کام کیا۔ 1990ء میں کینیڈین موسیقار مائیکل بروک کے ساتھ البم مست مست اور نائٹ سانگ، جب کہ پرل جیم کے گلوکار ایڈی ویڈر کے ساتھ 1995ء میں ڈیڈ مین واکنگ کے لئے 2 گانوں پر بھی کام کیا تھا۔ نصرت فتح علی خان کا نام سب سے زیادہ 125 قوالی کی البم کے ساتھ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہے۔ میوزک لیجنڈ 16 اگست 1997ء کو جگر اور گردوں کی بیماری کی وجہ سے لاکھوں چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوگئے۔