دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے اتباع رسول ضروری ہے
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے اپنی مسند شریف سے قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا ایسے حالات سے گزر رہی ہے جس میں مادہ پرستی اپنے عروج پر ہے، ہم نے اپنا سب کچھ دنیاوی زندگی کو سمجھ لیا ہے اور دنیامیں اپنے آنے کا مقصد جو کہ اللہ کریم کی رضا اور خوشنودی ہے بھول چکے ہیں۔حضور نبی رحمت ﷺکا ارشاد مبارک ہے کہ تم میں سب سے زیادہ عقلمند وہ شخص ہے جو فکرِ آخرت کو اختیار کرتا ہے اور موت اور اس کے بعد کی زندگی کی تیاری کے لئے اس دنیا میں اپنا وقت صرف کرتا ہے۔ فکرِ آخرت کی طرف ہمارا دھیان کرانے کے لئے بہترین ذرائع قرآنِ کریم ، احادیثِ نبوی ﷺ ، اولیا اللہ کی زندگیاں اور ان کی تعلیمات ہیں جو اچھی صحبت مہیا کرتی ہیں اور اچھی صحبت انسانی کردار کو نکھار دیتی ہےحضرت مولانا روم ؒ فرماتے ہیںکہ اولیاء اللہ کی صحبت میں گزرا ہوا ایک لمحہ سو سال کی بے ریا عبادت سے بہتر ہے ۔اولیاء کرام کے آستانے رشدوہدایت کے سرچشمے اور وہ تربیت گاہیں ہیں جہاں انسانوں کو اُن کا دنیا میں آنے کا مقصد سمجھایا اور یادکرایا جاتا ہے کہ اس دنیا سے جانے کے بعد ہم سے صرف یہ سوال ہو گا کہ ہم نے اس دنیاوی زندگی میںکیا کیا لہذا دنیاوی زندگی کے ایک ایک لمحے کو غنیمت جاننا چاہیے ۔اس دنیا سے کامیاب و کامران اپنے ایمان کی سلامتی کے ساتھ لوٹنے کے لیے اتباع رسولِ مقبول ﷺ ہمارے پاس واحد بہترین اور کشادہ راستہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف سے قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ پیغام کے آخر میں پیر محمد نقیب الرحمن نے اُمت مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی ،ترقی ،افواجِ پاکستان کی سر بلندی،اتحاد بین المسلمین اور آئی ہوئی وبا سے نجات کے لئے خصوصی دعا کی۔