خیابان سرسید سیکٹر3 نزد مدنی مسجد میں پانی کی شدید قلت
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)خیابان سرسید سیکٹر3 نزد مدنی مسجد کے رہائشی گزشتہ2ماہ سے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جبکہ ملحقہ علاقوں میں پانی وقت پر کھول دیا جاتا ہے ،شہریوں کا کہنا تھا کئی بار واسا آفس جا کر شکایات کر چکے ہیں لیکن ہر بار جھوٹے دلاسے دے کر ٹال دیا جا تاہے اور نہ ہی کوئی کمپلینٹ نمبر دیا جا تا ہے ،شہریوں نے بتایا کہ 2018 ء میںپانی کی نئی پائپ لائن ڈالی گئی تھی جو کہ اوپر نیچے ہونے کے باعث جو گھر ذرا اونچائی میں ہیں وہاں پانی نہیں پہنچ پاتا ،انہوں نے کہا مہنگائی کے اس دور میں پیسے دے کر روزانہ پانی کا ٹینکر منگوایا جاتا ہے جس سے ٹینکر حضرات کی چاندی ہو گئی ہے، تاہم رہائشی اس بنیادی سہولت کے حصول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں ،رہائشیوں نے ڈی سی راولپنڈی اورایم ڈی واسا سے التماس کی کہ وہ خود ایک بار یہاں کا وزٹ کریں تا کہ انہیں حالات کی سنگینی کا اندازہ ہو سکے اور اس دیرینہ مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے ۔