ننکانہ اور گردونواح میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر تعمیرات کا سلسلہ جاری
ننکانہ صاحب(نامہ نگار)ننکانہ صاحب اور گردونواح میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر تعمیرات کا سلسلہ جاری، ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ ننکانہ نے بااثر قبضہ گروپوں کے خلاف کاروائی کی بجائے آنکھیں بند کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ اور اس کے گردونواح جن میں مدینہ ٹائون گلی نمبر 3، گلی نمبر 4 موچی ٹائون، کوٹ سنت رام، کھیپ والی، کوٹ سادھورام اور کرمانوالہ کوٹ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضیٰ پر محکمہ کی مبینہ ملی بھگت سے تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے بااثر قبضہ گروپ متروکہ وقف املاک بورڈ کے عملہ سے ملی بھگت کرکے تعمیرات کر رہے ہیں اگر کسی تعمیر کی شکایت ہوجاتی ہے تو محکمہ کے اہلکار کسی غریب کی دیوار گرا کر کارروائی پوری کر لیتے ہیں اور جن سے پیسے لیے ہوتے ہیں ان کا کام جاری رہتا ہے ، شہریوں نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد اور وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔