اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے:افتخار ملک
لاہور(کامرس رپورٹر )ایوان صنعت و تجارت لاہور کے فاونڈر گروپ کے چیرمین افتخار ملک نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش اقتصادی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ لاہور شہر کی مختلف مارکیٹوںکے تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے دورکے تقاضوں کے مطابق اب طاقتور ممالک اپنے اثر رسوخ کو برقرار رکھنے کے لیے معاشی جنگوں پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک ترقی پذیر ملکوں کو اپنے زیر نگین رکھنے کے لئے اقتصادیات کے ہتھیار کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی خوشحالی کے لیے ملکی برآمدات میں اضافے کی ضرورت ہے جو اسی صورت میں ممکن ہے کہ جب ہماری تیار کردہ اشیائکی لاگت میں خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ وہ عالمی مسابقتی عمل کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا ملک میں صحت مند تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ پاکستان میںٹیلنٹ کی فراوانی کے باعث صنعتی ترقی کی استعداد بدرجہ اتم موجود ہے تاہم اس سے بھرپور استفادے کے لئے مستحکم معاشی پالیسیوں اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں بالخصوص صنعتی شعبے کو ملکی معیشت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ، حکومت پر بھی لازم ہے کہ صنعتی خام مال اور مصنوعات کی سمگلنگ کے تدارک کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے حکومت پرزورر دیا کہ ملکی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے نئی منڈیاں تلا ش کی جائیں اور اس تجارت کے فروغ میں بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ملک افتخار نے کہا کہ لاہور ایوان صنعت و تجارت حکومت اور تاجروں کے مابین ایک پل کا کردار ادا کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ فاونڈر گروپ تاجروں کے مفادات کے لئے سرگرم عمل ہے۔