عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے، بھارتی ظلم رکوائے
لندن )چودھری عارف پندھیر( بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں نے دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا،اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام ویڈیولنک کے ذریعے بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کا انعقادہوا جس میں برطانوی وپاکستانی ممبران پارلیمنٹ، ، سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں، حریت رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی کانفرنس کی صدارت میزبان و چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے کی مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اس وقت ہندوستانی فوجوں کے محاصرے میں ہیں، عالمی طاقتوں کو حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے عوام کو بھارتی جبر واستبداد سے آزادی دلانے کیلئے اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے حق خودارادیت کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے پر بیرونی دنیا میں آباد کشمیریوں کے کردار کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ عالمی رائے عامہ اور ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطوں کو مزید موثر اور فعال بنائیں، راجہ فاروق حیدر نے راجہ نجابت حسین اور اْن کی ٹیم کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا پیغام کشمیر کانفرنس میں سنایا۔ اس موقع پر لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر اور ممبر برٹش پارلیمنٹ ایم پی انجیلا رینر نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے، بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلائے۔ لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گووِن نے خطاب میں کہا کہ ہماری ہمدردی اور سپورٹ ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ہے ہم اقوام عالم کو کشمیریوں کیساتھ کئے گئے وعدے کو یاد دلائیں گے کشمیریوں کو یہ حق ہو نا چاہیے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں، میں اور میرے ساتھی ہمیشہ کشمیر یوں کے ساتھ ہیں اور ان کی آواز بن کر دنیا میں اس مسئلے کو اجاگر کریں گے اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ چیئرمین تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارت کے ظلم و ستم کیخلاف ہر فورم پر کشمیری سراپا احتجاج اور آواز بلند کررہے ہیںہم مودی سرکار کے ظلم و ستم اور سفارتی سازشوں کے باوجود بھارت کے مکروہ چہرے کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔ شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری 1947ء سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہم ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق میں ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے، شیڈو وزیر دفاع ایم پی خالد محمود اور لارڈ قربان حسین، کونسلر یاسمین ڈار چیئرپرسن تحریک حق خود ارادیت برطانیہ، کونسلر سمیرا خورشید، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان، کونسلر الماس گوہر لیڈز، کونسلر شاز نواز نے کہا کہ بھارت کے کشمیر میں ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے دنیا بھر میں نا صرف کشمیری بلکہ ان کے حامی بھی سراپا احتجاج ہیں۔ سینیٹر سحر کامران، ایم این اے نورین فاروق ابراھیم، ایم این اے شاذا فاطمہ نے کہا کہ اقوام عالم کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق آزادی دلائیں۔ ڈی جی جموں و کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو برطانیہ اور یورپ میں اجاگر کرنے پر ہم برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ ممبران اور ڈائس پورہ کے کشمیریوں و پاکستانیوں کے بے حد شکر گزار ہیں، بھارت ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکا۔ حریت رہنما سید فیض نقشبندی نے کہا کہ بھارت نے ایک سال سے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، اس موقع پر کانفرنس سے یوتھ فورم فار کشمیرکی ڈائریکٹرماریہ اقبال ترانہ، صدر گلوبل کشمیر کمپین ظفر احمد قریشی، نائلہ شریف چیئرپرسن تحریک حق خود ارادیت شمالی برطانیہ، کنول حیات اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے اور کشمیرمیں ظلم و ستم رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔