آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی تو بھارت بھول ہی جائے، آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ محفوظ ہے، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ پاک فوج مایوس نہیں کرے گی:ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے، مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے اپنی مذموم حرکت کر کے مسئلہ کشمیر کے لیے اچھا کام کیا، سرد خانے میں پڑا مسئلہ پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بن گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قوم تسلی رکھے پاک فوج صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ 3 روز میں ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2 روز پہلے بھارت کے 5 فوجی ہلاک ہوئے تھے، شہری آبادی پر فائرنگ و گولہ باری کا محتاط جواب دیتے ہیں، موجودہ صورتحال میں سرحد پار کارروائی کشمیر کاز سے غداری ہوگی۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت تحریک آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، پاک فوج کے سربراہ کہہ چکے ہیں دفاع وطن کے لیے ہر حد تک جائیں گے،کشمیر کے لیے آخری فوجی اورآخری گولی تک لڑینگے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے۔ بھارت سے اب گزشتہ قبضہ چھڑانے کا وقت ہے، آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی تو بھارت بھول ہی جائے، آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ محفوظ ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے پابندیاں اٹھتے ہی کشمیریوں کا ردعمل سامنے آجائے گا، بھارت یہی چاہتا ہے کہ کشمیر میں حالات خراب ہوں اور وہ بارڈر پر آ جائے۔
انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت نے سرحدی خلاف ورزی کی تو اسے سرپرائز دیں گے۔
اس سے قبل کشمیر کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت ایک جیل کی صورت میں ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر دروازے پر ایک فوجی کھڑا ہے۔ بھارت جو مقبوضہ کشمیر میں جبر کر رہا ہے اس کا ردعمل بھی آئے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کشیدگی بڑھائی جا رہی ہے اور بھارت کی جانب سے پلواما جیسا ڈرامہ پھر کیا جا سکتا ہے۔ پاک فوج ایل او سی پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔
دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ہوا۔ اٹارنی جنرل، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس پی آر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے امور خارجہ مشاہد حسین، چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ سید فخر امام ، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، سید نوید قمر نے اجلاس میں شرکت کی۔