جس آرٹسٹ کے دل میں قومی جذبہ ہوتا ہے وہ قومی سرمایہ ہوتے ہیں: صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جس آرٹسٹ کے دل میں قومی جذبہ ہوتا ہے وہ قومی سرمایہ ہوتے ہیں، پاکستان کے پاس بے انتہاءآرٹ اور آرٹسٹ ہیں، اسلام میں آرٹ اینڈ کرافٹس کا مقام ہے، تہذیبوں کی ترقی میں بہت اہم کردار آرٹ کا ہوتا ہے۔ ہفتہ کو ایوان صدر میں معروف جمی انجینئر کے فن پاروں کی تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ نمائش کا مقصد آرٹ کا فروغ ہے، پاکستان کے آرٹ اور کلچر کو فروغ دینے کےلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی ترقی میں آرٹس اینڈ کرافٹس کا بہت بڑا حصہ ہے، انسانی ذہن آزاد ہوتا ہے تو اس کے ساتھ قومیں ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آرٹ اینڈ کلچر کے فروغ کی سخت ضرورت ہے، شکرپڑیاں میں نمایاں گیلریوں کےلئے وسیع جگہ دستیاب ہے، سرکاری عمارتوں اور ایئرپورٹس پر بھی آرٹ کے نمونے آویزاں کئے جا سکتے ہیں، معروف آرٹسٹ صارفین کا فن پارہ منگلا میں آویزاں کیا گیا ہے، اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ جمی انجینئر کی معاشرتی اور سماجی شعبے میں نمایاں خدمات ہیں، جمی انجینئر نے پاکستان کی جدوجہد آزادی کی بھرپور عکاسی کی، جمی انجینئر دنیا کے معروف آرٹسٹ ہیں، جمی انجینئر کے 3ہزار سے زائد فن پارے اور ایک ہزار خطاطی نمونے ہیں۔