حکومت آئی ٹی کے میدان میں جدت لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے: خسرو بختیار
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جدت لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان دنیا کے باقی ممالک کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ان کا مقابلہ کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے 3 منصوبے پیش کئے گئے جس میں پہلا منصوبہ ایم ایس اے این ٹیکنالوجی کے ذریعہ براڈبینڈ سروسز کی توسیع ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئی پی کور اور ایکسیس نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کے لئے 1540 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔ دوسرا منصوبہ اے جے کے اور گلگت بلتستان میں سیلولر سروس کی توسیع کے لئے 2790 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ تیسرا منصوبہ پورے پاکستان میں ای روزگار پروگرام کے تحت نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام منصوبے کے لئے 367.169 ملین روپے لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔