امت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے اتحاد عالم اسلامی ضروری ہے ،لیاقت بلوچ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مکہ مکرمہ میں ترکی ،انڈونیشیا،سوڈان اور مختلف اسلامی ممالک کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقا ت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس ضرورت پر زور دیا کہ امت کو درپیش مسائل اور بحرانوں سے نکلنے کیلئے اتحاد عالم اسلامی ضروری ہے ۔ممبران پارلیمنٹ نے امت کو درپیش اہم مسائل پر متحد ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے مفادات کا اسیر بن جانے سے امت کا اتحاد ختم ہوا اور عالم اسلام انتشار کا شکارہوا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب یورپ امریکہ اسرائیل اور بھارت اپنے مفادات کیلئے اکٹھے ہیں تو عالم اسلام کیوں متحد نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ حج کاعظیم اجتماع غلبہ دین کا پیغام دیتا ہے ۔اسلام ہی امت کے مسائل کا حل ہے ۔عالمی استعمار کسی بھی مسلمان ملک کا حقیقی دوست نہیں ہے۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے سعودی عرب کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف بحرانوں میں گھرا ہوا ہے لیکن اسلامیان پاکستان اور محب وطن عوام میں ان بحرانوں سے نجات پانے کیلئے پورا جذبہ اور عزم موجود ہے ۔پاکستان میں جغرافیائی ،معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ محب وطن اور با اعتمادا فواج پاکستان ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کا ہر حربہ ناکام ہورہا ہے ۔بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری ہزاروں کی تعداد میں روزانہ باہر نکل کر بھارت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرتے ہیں۔کشمیری آزادی کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔