ساہیوال ، گھریلو حالات سے تنگ طالبہ سمیت4خواتین کی خودکشی
ساہیوال، چناب نگر،بصیر پور (نمائندہ نوائے وقت، نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) ضلع ساہیوال میں گھریلو تنازعات پر ایک طالبہ سمیت چار لڑکیوں نے زہر پی کر خود کشی کر لی۔ چاروں کو لڑ کیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ساہیوال لایا گیا تاہم وہ جاں بحق ہوگئیں۔ قادر آباد کے علی شاہ کی14سالہ بیٹی نویں جماعت کی طالبہ سویرا نے والدین سے جھگڑنے کے بعد گندم میں رکھنے والی زہریلی گو لیاں کھا کر خود کشی کر لی ۔ نئی آبادی کے اے ڈی خاں کی بیوی 35سالہ شمیم نے خاوند سے جھگڑ کر زہر پی لیا۔ چک185۔نائن ۔ایل کے محنت کش کی 18سالہ بیٹی صائمہ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گو لیاں کھا کر خود کشی کر لی ۔ ماموں کانجن کی رہائشی ماموں کے گھر آئی ہوئی خادم حسین کی بیٹی 17سالہ عظمیٰ نے والدین سے جھگڑ کر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ چاروں کو بے ہوشی کی حالت میں ڈسٹر کٹ ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں چاروں دم توڑ گئیں۔ علاوہ ازیں چناب نگر میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ تین بچوں کی ماں نے خودکشی کرلی۔ چناب نگر کے نواحی علاقہ کی رہائشی نسیم بی بی کے گھریلو حالات کشیدہ تھے جس کی بنا پر گزشتہ روز نسیم بی بی نے زہریلی گولیاں نگل لیں جسے فی الفور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ جاں بحق ہوگئی۔ بصیر پور میں گیلانی چوک کے رہائشی 20سالہ مزدور جنید کی جیب عید کے دنوںمیںکام نہ ملنے کی وجہ خالی ہوگئی اور وہ شیرخوار بیٹی کیلئے دودھ کا بندوبست نہیںکرسکا جس پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔