کراچی: فارم ہائوس سے بھاگ نکلنے والے ساتوں مگرمچھ دوبارہ پکڑ لئے گئے
کراچی (نیٹ نیوز) کراچی کے علاقے سٹیل ٹاؤن کے فارم ہاؤس سے بھاگ نکلنے والے ساتوں مگر مچھوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا۔ سندھ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سٹیل ٹاؤن پولیس کی نفری اور وائلڈ لائف عملے نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ سٹیل ٹاؤن فلٹر پلانٹ کے قریب فارم ہاؤس میں یہ تمام مگرمچھ موجود تھے۔ شدید بارش کی وجہ سے دیوار کمزور ہوکر گرگئی جس کے بعد مگرمچھ فارم ہاؤس سے نکل کر ملحقہ علاقوں میں چلے گئے تھے۔ پولیس اور وائلڈ لائف اہلکاروں کی مدد سے 5 مگر مچھ پہلے ہی پکڑ لیے گئے تھے جبکہ باقی دو کو علاقے میں بارش کا پانی جمع ہونے والے جوہڑ سے گزشتہ روز پکڑا گیا۔ سندھ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے مطابق مگرمچھوں کو دوبارہ فارم ہاؤس میں چھوڑ دیا گیا ہے۔