ایران کا انٹرنیٹ سوشل میڈیا کی نگرانی کیلئے نئی وزارت بنانے کا اعلان
تہران (اے پی پی) ایران کے وزیر ثقافت و ارشادِ اسلامی عباس صالحی نے "وزارت ثقافت 2 " کے نام سے ایک اور مماثل وزارت کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ایران کی اس نئی وزارت کے مشن میں سائبر سپیس، انٹرنیٹ کے علاوہ سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی کڑی نگرانی شامل ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق وزیر ثقافت عباس صالحی کا کہنا ہے کہ حکومت کے وضع کردہ منصوبے کے مطابق آئندہ تین برسوں کے دوران "وزارت ثقافت 2 " کی تاسیس عمل میں آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی وزارت سائبر سپیس کی سپریم کونسل کی متعین کردہ ہدایات کی روشنی میں ثقافتی سرگرمیوں کی بھی نگرانی انجام دے گی۔ امریکا نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے احکامات سے قائم ہونے والی سائبر سپیس کی سپریم کونسل کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا۔ اس کی وجہ کونسل کی جانب سے ہزاروں ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو بلاک کرنا اور ایرانیوں کو معلومات کے آزادانہ تبادلے سے محروم کرنا ہے۔ مذکورہ کونسل کو ہی ایران میں صحافیوں، ناقدین اور سوشل میڈیا سرگرم کارکنان کے خلاف بریک ڈاؤن مہم کا ذمے دار شمار کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ایران نے 2009ء میں عوامی احتجاج کے بعد سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم بہت سے ایرانی ان ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز میں داخل ہونے کے لیے پروکسی پروگرامز کا استعمال کرتے ہیں۔ایرانی حکام کوشش کر رہے ہیں کہ شہریوں کو داخلی نیٹ ورک استعمال کرنے پر مجبور کر دیا جائے۔ یہ نیٹ ورک ایرانیوں کو بیرونی دنیا ، عالمی انٹرنیٹ اور مشہور سوشل میڈیا ویب سائٹس سے علیحدہ کرنے پر کام کر رہا ہے۔