مسئلہ کشمیر پر اقوام عالم کو دوٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا،علامہ علی اکبر کاظمی

Aug 17, 2019

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے۔مسئلہ کشمیر پر تماش بین کا کردارادا کرنے والے ممالک اس حقیقت کوذہن نشین کر لیں کہ خطے میں آگ اور خون کا کھیل پوری دنیا کے امن کو تہس نہس کر کے رکھ دے گا۔کشمیر تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے ۔ مغربی دنیا اور عالم اسلام کو بھارتی جارحیت پر ڈپلومیسی کی بجائے دوٹوک موقف اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا بھارت کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔بھارت جس تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے اس تصادم کا اختتام بھارت کے خاتمے پر منتج ہو گا،بھارت کا جنگی جنون اسے صفحہ ہستی سے مٹا دے گا۔پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جو کسی گیڈر بھبکی کو خاطر میں نہیں لاتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کاغذ کے ایک ٹکرے سے کشمیر کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا جو خواب دیکھ رہا ہے اس کی تعبیر انتہائی بھیانک ہے۔کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف کشمیر سے متعلق کسی فیصلے کوقطعاََ تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر ظلم و بربریت اس دور کا بدترین المیہ ہے۔وادی میں کرفیو کے باعث مکینوں کو اشیائے خورد ونوش اور ادویہ کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ان حالات میں انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیمیں خاموش رہ کر اپنے کردار کو داغ دار نہ کریں۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم امن پسند ہے لیکن ظلم کے خلاف خاموشی ظالم کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔اگر بھارت نے پاکستان کی طرف کسی بھی قسم کی پیش قدم کی تواسے منہ کی کھانی پڑے گی۔پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزاد کرانے کے لیے بے چین اور پوری طرح تیار ہے۔

مزیدخبریں