خالصتان کا نیا نقشہ جاری
خالصتان تحریک کے حامی بھارت کا مستقبل کا نقشہ سامنے لے آئے۔ نقشے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہونے جا رہا ہے۔ نقشے میں بھارت کو درجنوں چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں ٹوٹا ہوا دکھایا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ بہت جلد بھارت ٹوٹ جائے گا اور خالصتان الگ ملک بنے گا جبکہ مکمل کشمیر اور جموں کی وادی بھی پاکستان کے ساتھ شامل ہو جائے گی۔
علیحدگی پسند تنظیمیں ایسے نقشے اور علامتی حکومتیں دوسرے ممالک میں بیٹھ کر بناتی ہیں مگر خالصتان کا یہ نقشہ بھارتی پنجاب میں موجود خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ ا س سے اس تنظیم کے منظم و متحرک ہونے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس کی وجہ بھی خالصتان موومنٹ کے رہنما امرجیت سنگھ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتا دی ہے کہ’’ بھارت میں سکھوں کے ساتھ بُرا سلوک روا رکھا گیا ۔ ہم زبردستی بھارت کا حصہ ہیں۔ مرضی سے کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہے۔ بھارت نے پارلیمنٹ میں آئینی غنڈہ گردی کی۔ ہماری مقدس جگہ دربار صاحب میں ہزاروں سکھوں کو مارا گیا تھا۔ بھارت نے ایسا بہیمانہ سلوک صرف سکھوں کے ساتھ ہی روا نہیں رکھا اس سے بھی وحشیانہ رویہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف اختیار کر رکھا ہے۔ دیگر کئی ریاستوں میں بھی بھارت کی اقلیتوں کے ساتھ بربریت کے باعث آزادی و علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔ ان تحریکوں کو تقویت بھارتی حکومتوں کے مظالم پہنچا رہے ہیں۔اب تو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مودی نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے اورکئی ریاستوں کی علیحدگی و آزادی کی راہ ہموار کردی ہے۔