تاریخی سچ کو مان ہی لینا چاہئے
مکرمی! بعض محققین کا اصرار ہے کہ پاکستان 14 نہیں 15 اگست کو وجود میں آیا۔ اپنے دعویٰ میں وہ یہ استدلال پیش کرتے ہیں کہ مصطفی علی ہمدانی نے 14 اگست کی رات 12 بجکر 1 منٹ پر آل انڈیا ریڈیو سے یہ کہہ کر اسلامیانِ ہند کو سرشار کیا تھا کہ ’’اب آپ کو ریڈیو پاکستان سے یہ خوشخبری دی جا رہی ہے کہ ا س ساعت مبارک میں پاکستان معرضِ وجود میں آ گیا ہے۔ یہ مبارک ساعت 27 رمضان المبارک کی مقدس رات لیلتہ القدر کی ساعت تھی چونکہ قیام پاکستان کا اعلان رات کے 12 بجکر 1 منٹ پر ہوا تھا۔ یوں رات کے 12 بجنے تک 14 اگست کے دن کی زندگی تمام ہو گئی۔ اس صداقت کو ’’نوائے وقت‘‘ روزنامہ کے سینئر صحافی‘ دانشور‘ ادیب و شاعر سعید آسی نے مفصل انداز میں اپنی مستند کتاب ’’تیری بُکل دے وچ چور‘‘ میں اپنی ذاتی تجزیاتی کاوش اور گوگل کے حوالے سے بیان کیا ہے۔ میں کلی طور پر محترم سعید آسی صاحب کی رائے سے متفق ہوں کہ ہمیں اس تاریخی سچ کو مان ہی لینا چاہئے کہ پاکستان 15 اگست 1947ء کو معرض وجود میں آیا تھا۔ (چودھری اسد اللہ خاں ۔ عثمان سٹریٹ ۔ شاہ کمال کالونی اچھرہ لاہور)