کراچی: کراچی: 35 ارب منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے تمام مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ ملزمان میں نصیر عبداللہ، اسلم مسعود، عارف خان، نورین سلطان،عدنان جاوید اور دیگر شامل ہیں۔
کراچی کی بینکنگ عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں دو ملزمان انور مجید اور عبدالغنی مجید کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا پر دونوں ملزمان کو 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے نے انور مجید اور عبدالغنی مجید کو بغیر ہتکھڑی ہی ریمانڈ کیلئے بینکنگ کورٹ پیش کیا۔
انور مجید نے عدالت میں میڈیا کی موجودگی پر اعتراض کیا اور ایف آئی اے افسران سے سوال کیا کہ آپ نے تو کہا تھا کہ میڈیا نہیں ہوگا، آپ لوگ میری ویڈیو نہ بنائیں، میڈیا کو یہاں سے ہٹائیں۔