قومی انٹر ریجن انڈر19کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے کا آغاز آج سے ہو گا
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قومی انٹر ریجن انڈر19کرکٹ ٹورنامنٹ کے نویں مرحلے کا آغاز (آج) جمعہ سے ہو گا۔ گروپ اے کے میچوں میں ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد میں فاٹا کا مقابلہ لاہور وائٹس سے ہوگا، مرغزار کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد میں آزاد جموں کشمیر اور راولپنڈی کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا، کے آر ایل گراؤنڈ میں ڈیرہ مراد جمالی اور فیصل آباد کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ نیشنل سٹیڈیم میں کراچی وائٹ اور کوئٹہ کی ٹیموں کا آمناسامنا ہوگا، گروپ بی کے میچوں میں یو بی ایل گراؤنڈ کراچی میں لاہور بلیو اور ایبٹ آباد کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں لاڑکانہ اور ملتان کی ٹیموں کا مقابلہ ہوگا، ٹی ایم سی گراؤنڈ میں حیدر آباد اور سیالکوٹ کی ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا جبکہ این بی پی گراؤنڈ میں کراچی بلیو اور پشاور کی ٹیمیں مدمقابل ہوںگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان شکیل خان کے مطابق ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 18 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔