یورپی سیاح ایوا بیانکا کے خلاف نیب کا کیس ختم
ملتان(شوبز ڈیسک) 13 اگست کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے طیارے میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والی سیاح ایوا بیانکا زوبک کے 'کی کی چیلنج' کی ویڈیو وائرل ہوئی اور اس پر مثبت کے ساتھ منفی ردعمل سامنے آنے پر قومی احتساب بیورو نے نوٹس بھی لیا۔تاہم اب ایوا بیانکا نے دعویٰ کیا ہے کہ نیب نے یہ کیس ختم کردیا ہے۔اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایوا بیانکا نے کہا 'نیب نے پی آئی اے کے خلاف اس چیلنج ویڈیو پر فائل کیس کو واپس لے لیا ہے اور میں اس پر بہت خوش ہوں'۔انہوں نے کہا 'پاکستانی لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، جنھوں نے سوشل میڈیا پر اس مشکل وقت مجھے بھرپور سپورٹ کیا۔'۔ان کا کہنا تھا'وہ اس واقعے کے دوران کچھ فکرمند تھیں اور باہر نکلنے سے گھبرانے لگی تھی'۔خیال رہے کہ پولش نڑاد برطانوی سیاح ایوا بیانکا زو بک پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے 13 اگست کو ایک ویڈیو فیس بک اور انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھی جو تیزی سے وائرل ہوئی۔اس پوسٹ کے مطابق درحقیقت انہوں نے دنیا کا پہلا 'ائیرپلین کی کی چیلنج' پی آئی اے کی ائیرہوسٹس کے انداز سے کیا ہے۔تاہم اس پر کچھ افراد کی جانب سے تنقید سامنے آئی جس پر پوسٹس کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔اسی طرح چیئرمین نیب کی جانب سے بھی اس معاملے کا نوٹس لے کر پی آئی اے سے جواب طلب کیا گیا۔نیب کے ترجمان نے ڈان کو بتایا ' ہم جاننا چاہتے ہیں کہ خاتون کو خالی طیارے میں جانے اور ائیرپورٹ پر رقص کرنے کی اجازت کس نے دی'۔جس پر ایوا بیانکا نے اسی رات انسٹاگرام پر ایک وضاحتی پوسٹ بھی کی۔