معاشی مسائل حل کرنے کیلئے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ معاشی مسائل حل کرنے کیلئے ہمیں اپنے قدموں پر کھڑاہونا ہو گا۔بیرونی قوتوں کے دبائو کا شکار ہونے کی بجائے حکومت چین، روس اور اسلامی ملکوں سے تعلقات مستحکم کرے۔ حکومت اور عوام کی سطح پر فضول خرچیاں بند اور ملک کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ جرأتمندانہ اقدامات سے ہی ملکی سلامتی و استحکام وطن عزیز پاکستان کا دفاع ممکن ہے۔ پاکستان کے مضبوط ہونے سے ہی کشمیریوں کی عزتوں و حقوق کا تحفظ ممکن ہے۔ کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے انہوں نے کہاکہ مسلمانوں پر مشکلات ضرورآتی ہیں۔ معاشی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو آزمائشوں اور امتحانات سے گزار کر پھرانہیں سرخرو کرتا اور کامیابیوں سے نوازتا ہے۔ مسلم حکمران درپیش مسائل حل کرنے کیلئے مغرب کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ فرقہ واریت اور پارٹی بازی چھوڑ کر اسلامی شریعت کے مطابق قوم کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے۔ وطن عزیز پاکستان کیخلاف بھی دشمن ملکوں کے مذموم عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب کبھی مسلمانوں کو میدانوں میں کامیابیاں حاصل ہوئیں ہمیشہ سازشوں کے ذریعہ ان کے بڑھتے قدموں کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ ہمیں تاریخ سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی غلطیوں و کوتاہیوں کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ نبی اکرمﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی تربیت اسلام کی بنیاد پر کی اور قربانی والے ذہن تیار کئے گئے۔ یہ اسی تربیت کا نتیجہ تھا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے اپنے کردار کے ذریعہ دنیا میں انقلاب برپا کر دیا۔ قوموں کی تربیت گھر بیٹھے نہیں ہوتی۔ اس وقت بیشتر سیاسی جماعتیں بھی مغرب کے رنگ میں رنگی ہوئی ہیں۔ جو لوگ اخلاص کے ساتھ ملک و ملت کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ان کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔