امریکی کامیڈین نے عمران خان کو ’’پاکستان کا ٹرمپ کہہ دیا‘‘ سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع
واشنگٹن (نیٹ نیوز+ آن لائن) امریکی ٹی وی پر معروف کامیڈی پروگرام ’’دی ڈیلی شو ود ٹریور نوح‘‘ کرنے والے میزبان کی نظر میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ ٹرویر نوح نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موازنہ عمران خان سے اپنے 15 اگست کو نشر کیے گئے پروگرام کے آغاز میں ہی کیا۔ ٹریور نوح اس سے قبل بھی دنیا بھر کے متعدد سیاستدانوں پر کامیڈی سے بھرپور سلسلے نشر کرتے رہے ہیں۔ ٹرویر نوح نے اپنے شو کے سیگمنٹ ’ٹوئنز‘ میں عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کچھ چیزوں کا تقابلی جائزہ لے کر مذاق مذاق میں یہ بتانے کی کوشش کی کہ تحریک انصاف کے چیئرمین پاکستان کے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ ٹریور نوح نے پروگرام میں عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کا موازنہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ جس طرح امریکی صدر نے تین شادیاں کیں، اسی طرح عمران خان نے بھی تین شادیاں کیں۔ ساتھ ہی پروگرام میں یہ بھی دکھایا گیا کہ جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد امریکہ میں تشدد میں اضافہ ہوا، اسی طرح پاکستان میں بھی عمران خان کے سپورٹرز اشتعال کے حوالے سے تیز ہیں۔