مکرمی! میونسپل پارک نزد لاری اڈہ لاہور ولیِ شہر کا مزار ہے۔ بیرون شہر سے اپنی مختلف ضرورتوں کے تحت لاہور آنے والے افراد جب یہاں سستانے کے لئے آتے ہیں تو انہیں پارک میں صفائی کے انتظام کے فقدان اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی سے سخت کوفت ہوتی ہے۔ اتنے بڑے پارک میں نہ ڈھنگ سے بیٹھنے کا انتظام ہے نہ پینے کا صاف پانی اور نہ واش رومز موجود ہیں۔ پولیس والے اونگھتے‘ سوتے آتے جاتے نظر آتے ہیں۔ صندوق روپے جمع کرنے کے لئے پاس رکھا ہے۔ ہر آنے جانے والے کو پکڑ کر زبردستی روپیہ بٹورا جاتا ہے۔ پارک میں موجود شاپ پر نیلی‘ پیلی‘ سبز مصنوعی رنگ ڈال کر تیار کر کے کالا رنگ ڈال کر بنائی گئی پیپسی ہر آنے جانے گزرنے والے کو زبردستی پینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ بچے آئس کریم کھا کر جو کپ پھینک دیتے وہ کپ پارک کے کارندے جمع کر رہے تھے اور بغیر صاف کئے اور دھوئے ان کو دوبارہ بھر کر جما دیتے ہیں۔ غریب قوم کے غریب بچوں کا پارک مضر صحت چیزیں کھلم کھلا کھلا رہا ہے۔ آنے والی حکومت سے التماس ہے کہ پارک میں پینے کے صاف پانی اور ٹائیلٹ کا بندوبست کرنے کے علاوہ پارک کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ پارک میں آنے والے بڑے اور بچے یہاں خاطر خواہ سیر اور تفریح کر سکیں اور تھکے ماندے مسافر گھڑی دو گھڑی سکون سے بیٹھ سکیں۔(ظہور فاطمہ بلوچ شمالی خوشاب 0303-7790608)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024