مصر میں فوجی مظالم کیخلاف جماعت اسلامی کے لاہور‘ کراچی سمیت ملک گیر مظاہرے‘ ریلیاں
لاہور + کراچی (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران + نوائے وقت نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر مصر میں فوجی مظالم، ہزاروں پرامن مظاہرین کو جاںبحق اور زخمی کر دینے، ٹینکوں اور بلڈوزروں سے انسانی ہجوم کو کچلنے اور زندہ جلانے کے خلاف لاہور، کراچی سمیت ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مساجد میں آئمہ اور خطیبوں نے مصری فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے خطابات میں عالم اسلام کے اتحاد اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا اور مصر میں صدر مرسی کی حکومت کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ فیصل آباد، سرگودھا، مظفرآباد، جھنگ، چیچہ وطنی، ہارون آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مقامی قائدین نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے جامع مسجد منصورہ میں جمہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم و جابر السیسی کے سر سے امریکی چھتری ہٹ جائے تو ایک دن کیلئے بھی وہ اقتدار پر فائز نہیں رہ سکے گا۔ معصوم بچوں اور خواتین کو بلڈوزروں اور ٹینکوں کے نیچے روندا گیا اور غیر انسانی و ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کئے گئے لیکن مصری عوام کے پرامن مظاہروں اور احتجاج کو روکنے میں تمام ہتھکنڈے ناکام ہو گئے ہیں اور عوام آج بھی لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں اور اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ جب تک ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کو بحال نہیں کیا جاتا وہ اپنے گھروں کو نہیں جائیں گے۔ امریکی آشیر باد سے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان اسلامی ممالک کے حکمران غلبہ دین کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مسجد شہداءکے باہر مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بارش کے باوجود مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ڈاکٹر محمد مرسی کی تصاویر اور کتبے، بینر اٹھا رکھے جن پر معزول صدر مرسی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے لیاقت بلوچ، ڈاکٹر سید وسیم اختر، میاں مقصود احمد، عبدالغفار عزیز اور مولانا جاوید قصوری نے خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ جنرل سیسی کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم اور انسانیت کے قتل عام کا مقدمہ چلایا جائے۔ شاہراہوں، چوراہوں اور گلی کوچوں میں پرامن مظاہرین کا قتل عام کیا گیا ہے۔ امریکہ اور یورپ اس قتل عام کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصری عوام کے قافلے اپنے سروں کو ہتھیلی پر رکھ کر نکلے ہیں دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ کراچی میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد بنوری ٹاﺅن سے مزار قائدؒ تک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کی۔ ریلی میں ہزاروں بچے‘ بزرگ اور جوانوں نے شرکت کی اور مصری فوج کے ہاتھوں بے گناہ مصریوں کی سفاکانہ ہلاکت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکا نے جامع مسجد بنوری ٹاﺅن سے مزار قائدؒ تک پیدل مارچ کیا۔ مارچ کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مزار قائدؒ پہنچ کر ریلی کے شرکا نے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی امامت میں مصری جاںبحق افراد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج پوری قوم سڑکوں پر نکل کر امریکی پٹھو جنرل سیسی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔ جنرل السیسی امریکی پٹھو اور اسرائیلی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام بھی صدر مرسی کی بحالی اور پرامن مظاہرین کے قتل عام کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت حافظ عبدالغفار روپڑی اور پروفیسر عبدالمجید نے کی۔ مظاہرے کے دوران مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور اسرائیل کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے کے دوران سابق مصری صدر مرسی کی فوری بحالی کیلئے مطالبات پیش کئے گئے اور نہتے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کرنے والوں کی پشت پناہی کرنے پر امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصری فوج نے پہلے شفاف انتخابات کے ذریعے اقتدار میں آنے والی جمہوری حکومت کا تختہ الٹا اور اب وہ مصری عوام سے احتجاج کا حق بھی چھین رہے ہیں۔ پرامن مظاہرین کا بے دریغ قتل عام انتہائی تشویشناک ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جماعت اسلامی ضلع حافظ آباد کے نائب امیر امان اللہ چٹھہ نے صدر مرسی کی حکومت بحال کرنے کا مطالبہ کرنے والے پرامن مظاہرین کے مصری فوج کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امریکی اسرائیلی سازش کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ وہ جماعت اسلامی کے یوم احتجاج کے سلسلہ میں جامع مسجد الفتح میں اجتماع جمعہ سے خطاب کر رہے تھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق امیر جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ فرعونوں کو بھی مات دیدی ہے۔ السیسی کی ا فواج بے گناہ اور نہتے شہریوں، عورتوں اور بچوں کو قتل کر رہی ہے مگر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغبانپورہ چوک جامعہ اشرف العلوم سے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔