ضمنی الیکشن: امیدوار 20 اگست تک مہم چلا سکیں گے، اسلحہ کی نمائش پر پابندی
اسلام آباد (ثناءنیوز+ این این آئی) ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 20 اگست کو انتخابی مہم ختم کردیں۔ الیکشن کمشن حکام کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد انتخابی مہم چلانے والوں کو چھ ماہ کیلئے جیل بھیج دیا جائیگا۔ الیکشن کمشن حکام نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو 20 اگست کو انتخابی مہم ختم کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ ضمنی انتخابات کیلئے پریذائیڈنگ افسران کو تین دن کیلئے مجسٹریٹ کے اختیارات دیے جائیں گے۔ انتخابات کے روزپولنگ صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ کمشن نے اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی لگائی ہے۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر ہنگو میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ہنگو سید احمد جان نے کہا ہنگو میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، ہوائی فائرنگ اور وال چاکنگ پر مکمل طور پر پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ضمنی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپر متعلقہ حلقوں کو بھجوا دیئے گئے۔ تاہم جھل مگسی میں سیلاب کے باعث آر او اور ڈی آر او نے یہاں انتخابات تین سے چار روز تک ملتوی کرنے کی تجویز الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے۔ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن اسلام آباد نے کرنا ہے۔