پارلیمنٹ میں سکندر کا ڈرامہ موضوع بنا رہا، چودھری نثار کے نہ آنے پر ارکان سیخ پا
اسلام آباد (محمد فہیم انور سے) قومی اسمبلی میں جمعہ کی صبح پارلیمنٹ میں گزشتہ روز مسلح شخص کے ہاتھوں اسلام آباد کو یرغمال بنا کر رکھنے کا واقعہ موضوع بحث بنا رہا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی اجلاس میں عدم شرکت نے جلتی پر تیل کا کام دکھایا۔ اپوزیشن رہنما¶ں نے ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور حکومتی ایجنسیوں کی بے بسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارلیمنٹ کے کیفے ٹیریا اور پارلیمنٹ کے باہر اپوزیشن جماعتوں کے راہنما¶ں سمیت حکومتی ارکان اسمبلی بھی سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر پریشان دکھائی دے رہے تھے۔ نوید قمر‘ نبیل گبول‘ شیخ رشید احمد اور شاہ محمود قریشی نے بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور دارالحکومت میں اس قسم کے واقعات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بالخصوص اسلام آباد کی ”ماڈل پولیس“ کی ناکامی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قابل عمل جامع پالیسی وضع کی جائے۔