لوڈ شیڈنگ ، لاہور میں 63 فیڈرز ٹرپ کرگئے، کئی علاقوں میں بجلی غائب
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب اور خیبر پی کے سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ گذشتہ روز بھی کم ہی رہی جس کے باعث شارٹ فال تقریباً جمعرات کے روز والی سطح پر ہی برقرار رہا۔ گذشتہ روز بھی بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ گذشتہ روز بھی بارش کے باعث لیسکو سمیت پنجاب اور خیبر پی کے ڈسکوز میں فیڈرز ٹرپ ہونے اور ٹرانسفارمر جلنے کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں گذشتہ روز مختلف اوقات میںتقریباً 64 فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے ان فیڈرز والے علاقوں میں بجلی کی بندش ہوگئی۔ رات گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے ساتھ فیڈرز ٹرپ ہونے کا سلسلہ بھی جاری رہا جس علاقوں کے فیڈرز ٹرپ ہوئے وہاں بجلی کی بندش چار سے پانچ گھنٹے تک رہی۔ اسکے علاوہ کئی علاقوں میں ٹرانسفارمر جل گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا جس کے باعث شارٹ فال موجودہ سطح پر ہی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے مطابق گذشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 15840میگا واٹ جبکہ پیداوار 13220میگا واٹ رہی۔ طلب و رسد میں 2620 میگا واٹ کا فرق رہا۔