سکندر نے دبئی میں انٹیلی جنس کے لئے کام کیا، نفاذ شریعت کا مطالبہ کرنے والا پہلے خود پر نافذ کرے: سسر نیاز لکھویرا
لاہور (این این آئی) اسلام آباد واقعے کے مرکزی کردار محمد سکندر کے سسر محمد نیاز لکھویرا نے کہا ہے کہ انکا داماد نشے کا عادی ہو چکا ہے جو شخص شریعت کے نفاذ کا مطالبہ کر رہا ہے اسے چاہئے کہ پہلے وہ اپنے اوپر اسے نافذ کرے‘ سکندر کا کسی مذہبی تنظیم سے تعلق ہے مجھے اس کا علم نہیں لیکن ایسی باتیں چھپی نہیں رہتیں‘ سکندر نے دبئی میں انٹیلی جنس ایجنسی کے لئے بھی کام کیا اور وہ جدید اسلحہ چلانے کا ماہر ہے‘ بیٹی کو کہا تھاکہ بچوں سمیت خود کو پولیس کے حوالے کر دے لیکن وہ نہ مانی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں محمد نیاز لکھویرا نے کہا کہ سکندر ضدی تھا، کوئی بھی بات کر کے اس پر بضد ہو جانا اور اپنی بات کو اہمیت دینا اور دوسرے کی بات کو نہ ماننا اس کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا اسلام تلوار کے ذریعے نافذ نہیں ہوا اور نہ آپ جبر کے ذریعے اسے نافذ کر سکتے ہیں، یہ دل کے ماننے کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات میری بیٹی کے گزر اوقات میں تنگی آ جاتی تھی اور انہوں نے حافظ آباد میں اپنے ایک دو مکان فروخت بھی کر دئیے تھے۔