زمرد نے جرات نہیں حماقت دکھائی، رانا ثنائ: بیان قوم کی توہین ہے، بلاول ہاﺅس
لاہور (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت نیوز)صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناءاللہ نے اسلام آباد واقعے کو انتظامیہ کی مکمل ناکامی قرار دیا اور کہا ہے کہ ذمہ داروں کو غیر ذمہ داری کی سزا ضرور ملنی چاہئے۔ زمرد خان نے جرات کا نہیں بلکہ حماقت کا مظاہرہ کیا ‘ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے واقعے میں تمام پہلووں کو مدنظر رکھ کر تحقیقات کی جائیں گی۔ مسلح شخص کے ڈرامے کا ڈراپ سین بھی ڈرامہ تھا، زمرد خان نے جرات کا نہیں حماقت کا مظاہرہ کیا ، کیونکہ جب زمردخان اسے پکڑنے کے لئے لپکے تو وہ شخص پیچھے ہٹ گیا اور زمرد خان گر گئے ، جب وہ بھاگے تو اس وقت مسلح شخص انہیں نشانہ بنا سکتا تھا اور اگر ایسا ہوتا تو یہ قومی سانحہ بن جاتا۔ اسلام آباد انتظامیہ نے اسے پروفیشنلی ڈیل نہیں کیا ورنہ یہ دس سے بیس منت میں ختم ہو سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ختم ہو جائیں تو امن و امان بحال ہو سکتا ہے، وفاقی حکومت کے پی کے ، بلوچستان اور کراچی کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔ ا نہوں نے بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی اور حافظ سعید کے خلاف کارروائی کے مطالبے پر کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے ۔ جہاں تک حافظ سعید سے متعلق کارروائی کا تعلق ہے تو حکومت کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں، ہائیکورٹ ضمانت نہ لیتی تو حکومت انہیں کبھی نہ چھوڑتی۔ دریں اثناءکراچی میں بلاول ہاﺅس کے ترجمان اعجاز درانی نے پی پی رہنما زمرد خان کے خلاف بیان بازی کو پوری پاکستانی قوم کی توہین قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کل اسلام آباد میں ایک شخص کی وجہ سے پوری پاکستانی قوم ذہنی اذیت میں مبتلا رہی، اس موقع پر (ن) لیگ کے تمام بااختیار وزیر اپنے سرکاری محلات میں بیٹھ کر قوم کی بے بسی کا تماشہ دیکھ رہے تھے لیکن وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت کسی بھی حکومتی بااختیار شخصیت نے اس تشویشناک صورتحال پر دو بول ادا کرنے کی زحمت تک گوارا نہ کی۔ آج حسب روایت ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نوازشریف اور ان کی پوری حکومت نے بہادر پاکستانی قوم کا مذاق اڑانے کیلئے ایک ایسا شخص کا چناﺅ کیا جو خود ایک ذہنی بیمار اور مریض ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنے ایک غیرت مند اور جیالے بیٹے زمرد خان پر فخر ہے کہ جنہوں نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو کی جرا¿ت مندی اور بہادری کی یادیں تازہ کردیں۔