نشتر کالونی، اغواءکے بعد ایک شخص قتل نعش بوری میں بند ملی
لاہور (نامہ نگار) نشتر کالونی کے علاقہ میں سے نامعلوم افراد نے 35 سالہ شخص کو اغواءکے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا اور لاش بوری میں ڈال کر فیروز پور روڈ پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے نشتر کالونی کے علاقہ میں مین فیروز پور روڈ پر سڑک پر ایک بوری میں نعش سے رستا خون دیکھ کر مقامی افراد نے خوفزدہ ہو کر پولیس کو اطلاع کی جس پر پولیس نے آ کر بوری کھولی تو اس میں سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش نکلی۔ پولیس کے مطابق شبہ ہے نامعلوم افراد نے اس شخص کو اغواءکے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا اور لاش بوری میں یہاں پھینک کر فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے لواحقین کی تلاش جاری ہے۔ ورثاءکے ملنے اور پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔