حکومتی عدم توجہی : میسکو 15 سال‘ پیراں غائب پاور سٹیشن سوا سال سے بند
ملتان ( نامہ نگار خصوصی) ملتان میں گزشتہ پندرہ سال سے بند کینٹ تھرمل / میسکو پاور سٹیشن اور سوا سال سے بند نیچرل گیس پاور سٹیشن پیراں غائب حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہیں۔اٹھارہ میگا واٹ پیداواری استعدال کا حامل ٹی پی ایس کینٹ ملتان گیس کنکشن منقطع ہونے اور کولنگ ٹاور کی خرابی کے باعث پندرہ سال سے بند ہے۔ ملک میں پبلک سیکٹر میں نئے پاور پلانٹس کی تنصیب کے نام پر اربوں روپے کا قومی سرمایہ ضائع کردیاگیا جبکہ بلند پاور پلانٹس کو چند کروڑ روپے کی لاگت سے بحال نہیں کیا گیا بلکہ مشینری زنگ آگود ہوگئی جبکہ تعمیرات منہدم ہونا شروع ہو چکی ہیں جبکہ ملازمین تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔ نیچرل گیس پاور سٹیشن پیراں غائب کو بند ہوئے سوا سال ہو چکا ہے اس کا 450 سے زائد سٹاف بغیر کسی کام کے تنخواہیں لے رہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے انہیں جی پی ایس کو کوئلے سے پیداوار پر منتقل کرنے کے حوالے سے اقدامات شروع نہیں ہو سکے۔