پاکستان کیساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں: جان کیری
واشنگٹن (آن لائن) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کیساتھ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے میں مصروف ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک منتخب حکومت کی طرف سے دوسری منتخب حکومت کو اقتدار کی پرامن منتقلی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس عظیم کامیابی پر امریکہ خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم کامیابی کا سارا کریڈٹ پاکستانی عوام کو جاتا ہے جس پر امریکہ پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ جان کیری نے کہا کہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کیلئے ایک مستحکم‘ پرامن اور ترقی یافتہ ملک کے قیام کیلئے وہ اپنے پاکستانی ہم منصبوں کیساتھ مشترکہ ویژن کو آگے لے جانے کیلئے کام کریں گے۔