ڈونگی گراﺅنڈ گلبرگ کی بحالی کیلئے درخواست، ایل ڈی اے کو ایک روز میں جواب دینے کا حکم
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ نے منی مارکیٹ گلبرگ میں ڈونگی گراﺅنڈ کو اس کی اصل شکل میں بحال نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 29اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ایل ڈی اے کو ایک روز میں جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ گراﺅنڈ کا استعمال علاقہ کے لوگوں کا بنیادی حق ہے جو چھینا نہیں جاسکتا۔ درخواست گذار کے وکیل محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ڈونگی گراﺅنڈ منی مارکیٹ گلبرگ کو ابھی تک بحال نہیں کیا گیا وہاں رہنے والے لوگوں کو گراﺅنڈ کی سہولت کے بغیر ہی گزارا کرنا پڑرہا ہے وہاں کرکٹ، فٹبال وغیرہ کھیلا جاتا تھا اور آج وہاں ویرانی ہے توہین عدالت کی درخواست زیر التواءہے کروڑوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے اور ایل ڈی اے جان بوجھ کر جواب داخل نہیں کر رہی۔ مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ نے استفسار کیا کہ ایل ڈی اے کا ڈائریکٹر کہاں ہے؟ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہ نہیں آئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور 11:30 بجے ڈائریکٹر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا۔ دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ڈائریکٹر ایل ڈی اے پیش ہوئے۔ اُن کے وکیل وقار اے شیخ نے عدالت کوبتایا کہ جواب تیار ہے جو جلد داخل کر دیا جائیگا۔