سپورٹس فیڈریشنز کی گرانٹ بند کر کے پیسہ براہ راست کلبوں کو دینے کا فیصلہ
سپورٹس فیڈریشنز کی گرانٹ بند کر کے پیسہ براہ راست کلبوں کو دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ کھیلوں کی قومی فیڈریشنز کو گرانٹ کو دینے کا سلسلہ بند کیا جائے گا اور یہ پیسہ کلبوں کو براہ راست دیا جائے گا۔ شفاف طریقے سے پی سی بی اور دیگر سپورٹس باڈیز کے الیکشن کرائے جائیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شہباز بابر کے سوال پر وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے کے دورے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پاکستانی ٹیم کی بہترین کوچنگ کی جا رہی ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو اپنی فنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو نکھارنے کیلئے کہا گیا ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اضلاع میں کرکٹ کے میچز کرائیں، بوگس کلبوں کا خاتمہ کریں، ہاکی کے بھی الیکشن کرائیں گے۔ صوبوں سے بھی کہا ہے کہ وہ کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کریں۔ اب ہم کھیلوں کی قومی فیڈریشنز کو پیسہ دینا بند کر دیں گے، الیکشن شفاف طریقے سے کرائیں گے۔ کلبوں کو براہ راست پیسہ دیں گے۔ آسٹروٹرف پرانی ہو چکی ہیں، ان کو ٹھیک کرائیں گے، عوام کو سٹیڈیم کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین کا تقرر الیکشن کرانے کیلئے کیا گیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی برطانیہ میں ناقص کارکردگی کی اہم وجہ اوپننگ بیٹسمینوں کی خراب کارکردگی تھی۔ اگرچہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مذکورہ میچوں سے قبل انگلستان کے موسم سے مطابقت میں لانے کیلئے مواقع فراہم کئے مگر بیٹسمین اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے۔