واقعہ اسلام آباد: وزیراعظم کا تحقیقات کا حکم، وزیر داخلہ نے کمیٹی بنا دی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے جناح ایونیو اسلام آباد واقع کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ سیکرٹری داخلہ واقعہ کی انکوائری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف کارروائی میں تاخیر کا ذمہ دار کون ہے؟ پولیس نے ملزم پر قابو پانے کے لئے ایک آدمی کو آگے جانے کی اجازت کیوں دی۔ کارروائی کرنے میں تاخیر کیوں کی گئی؟ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم کا داخلہ روکنے میں ناکام کیوں ہوئے؟ کس اتھارٹی کی ذمہ داری تھی کہ وہ معاملے کو معمول پر لاتی۔ وزیراعظم نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ واقع کی جلد رپورٹ پیش کی جائے۔دریں اثناءوزیر داخلہ چودھری نثار نے اسلام آباد واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی اور ہدایت کی ہے کہ انکوائری کمیٹی 48 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے۔ انکوائری کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری اظہر سیال، سینئر جوائنٹ سیکرٹری عمر حمید خان اور ڈائریکٹر این سی ایم سی فرید خان شامل ہیں۔ چودھری نثار نے ہدایت کی ہے کہ ناقص سکیورٹی صورتحال کے ذمہ دار پولیس افسران کا تعین کیا جائے۔