پروٹوکول، سکیورٹی نہ ہیلی پیڈ : شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو دیکھ کر ہیلی کاپٹر اتار لیا
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نالوں اور بارشوں سے شدید متاثرہ اضلاع نارووال اور سیالکوٹ کا 4 گھنٹے سے زائد دورہ کیا۔ میہال گاﺅں میں متاثرین کو پانی میں گھرے دیکھ کر ہیلی پیڈ نہ ہونے کے باوجود اپنا ہیلی کاپٹر پانی کے درمیان خشک جگہ پر اتار لیا اور ٹوٹی پھوٹی سڑک پر چلتے ہوئے متاثرین کے پاس پہنچ گئے۔ انہوں نے فرداً فرداً ان سے ہاتھ ملایا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی امداد و بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ عوام وزیراعلیٰ کو اچانک اپنے درمیان پا کر حیران رہ گئے۔ اس موقع پر انہو ںنے ”شہباز شریف زندہ باد“ کے نعرے لگائے۔