پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کے میگا سٹی منصوبے پر کام شروع
لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب انڈسڑیل اسٹیٹس نے بیس ہزار ایکڑ اراضی پر چینی کمپنیوں کے تعاون سے ایک میگا سٹی جس میں انڈسٹریل اسٹیٹ، ہاو¾سنگ کالونیاں اور دیگر منصوبے شامل ہیں کے قیام کیلئے کام شروع کر دیا۔ مرحلہ وار بننے والے میگا سٹی کے پہلے مرحلہ میں دس ہزار ایکڑ پر پنڈدادن خان میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ تعمیر ہوگی۔ یہ بات پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ دس ہزار ایکڑ پر بننے والی انڈسٹریل اسٹیٹ پاکستان میں سب سے بڑی صنعتی بستی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے ایک بڑے چینی ادارے کے منصوبہ سازپہلے ہی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور انہوں نے میگا سٹی کے قیام کیلئے صوبہ پنجاب میں مختلف علاقوں کی نشاندہی بھی کی ۔پی آئی ای کے چیئرمین نے بتایا کہ سپیشل اکنامک زون کی دی گئی مراعات کے بنیادی تصور کے تحت بننے والی اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایسی چینی کمپنیوں سے بھی رابطے کئے جا رہے ہیں جو اپنی صنعتی یونٹوں کو چین سے کسی دوسرے ملک میں منتقل کرنا چاہتی ہیں۔چین میں نصب ان صنعتی یونٹوں کیلئے پاکستان بہترین ملک ہے جہاں انہیں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں اس وقت انرجی کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور حکومتی ٹیمیں آئندہ دو سے اڑھائی سالوں کے اندر اسے حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی اور صنعتی اور تجارتی سیکٹرز کو متوقع طور پر موجودہ کے مقابلہ میں کم قیمت پر بجلی دستیاب ہوگی۔