ڈینگی کیخلاف ناقص انتظامات‘ لاہور چیمبرہاﺅسنگ سوسائٹی کے صدر‘ سیکرٹری معطل
لاہور (پ ر) سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب ڈاکٹر عامر احمد نے ڈینگی تدارک انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں کینال بینک کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی‘ پاسکو‘ ایمپلائز کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی‘ لاہور چیمبر آف کامرس کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی اور ٹیکنو کریٹس کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کا دورہ کیا۔ ڈپٹی رجسٹرار / ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز محمد اعجاز خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری کوآپریٹوز نے ڈینگی تدارک کے حوالے سے کام کا جائزہ لیا اور لاہور چیمبر آف کامرس کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹیز کے صدر / سیکرٹری کو ناقص انتظامات کے باعث معطل کر دیا اور سیکرٹری سوسائٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے احکامات جاری کئے۔ دریں اثنا رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب ندیم محبوب نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز سیٹھ محمد اقبال کے ہمراہ ملٹری اکاﺅنٹس کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور اکاﺅنٹس گروپ آفیسرز کوآپریٹوز کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کا دورہ کیا۔ محکمہ امدادی باہمی ڈینگی خاتمہ پلان کے مطابق عمل کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ امداد باہمی پنجاب ڈینگی تدارک ڈے بھرپور انداز میں منائے گا اور 11 بجے دن بینک سکوائر مال روڈ سے ہائیکورٹ چوک تک واک کی جائےگی جس میں سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب ڈاکٹر عامر احمد‘ رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب ندیم محبوب‘ ممبران صوبائی اسمبلی اور کوآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹیز کے ممبران بھاری تعدادمیں شرکت کریں گے۔