صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں‘ لیبر کالونیاں ڈینگی فری ہونی چاہئیں: اشفاق سرور
لاہور (اپنے نامہ نگار سے )وزیر محنت وانسانی وسائل پنجاب راجہ اشفاق سرور نے پنجاب کی لیبر کالونیوں صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو وارننگ دی کہ لیبر کالونیوں میں گندگی اورسیوریج کے مسائل پر فوری طور پرقابوپایا جائے اورڈینگی سے بچاو¿ کیلئے کسی لیبر کالونی کی گلیوں یا بازاروں کے نشیبی علاقوں میں پانی نہیںکھڑا ہونا چاہئے۔اگرکسی لیبر کالونی میں ڈ ینگی کا ایک بھی کیس سامنے آیا تو سخت نوٹس لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے محکمہ محنت وا نسانی وسائل پنجاب کے زیر اہتمام الحمراہال میں ڈینگی آگا ہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری محنت و انسانی وسائل کیپٹن(ر)محمد یوسف، ڈینگی ماہرین ڈاکٹر وسیم اکرم، پروفیسر ڈاکٹر عامر اقبال اورڈاکٹر طیبہ بٹ نے بھی خطاب کیا۔وائس کمشنر سوشل سکیورٹی شاہد عادل اورمزدور راہنما خورشید احمد بھی سیمینار میں شریک ہوئے جبکہ سوشل سکیورٹی کے ڈاکٹرز اورافسران، ورکرز ویلفیئر بورڈ ، ورکرز ویلفیئر سکولوں کے افسران اوراساتذہ کے علاوہ مختلف صنعتی اداروں کے مزدوروں کی کثیر تعداد بھی سیمینار میں موجود تھی۔