نوٹسز: ترجمان قومی اسمبلی نے سپیکر پر لگائے عمر ایوب کے الزامات مسترد کر دیئے 

Apr 17, 2025

اسلام آباد (وقائع  نگار) ترجمان قومی اسمبلی نے سوالات اور توجہ مبذول کروانے کے نوٹسز کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے سپیکر سردار ایاز صادق پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کے سوالات اور توجہ مبذول کروانے کے نوٹسز سیکرٹریٹ میں جمع کروانے اور ان کے جوابات دینے اور دیگر کاروائی سے متعلق تمام ریکارڈ موجود ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مکمل اعدادوشمار کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کو جوابی خط لکھ دیا ہے۔ جوابی خط میں پارلیمنٹ میں وقفہ سوالات اور توجہ دلا نوٹسز پر کارروائی کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ قواعد پر پورا نہ اترنے والے حکومتی اراکین کے بھی 320  سوالات کی اجازت نہیں دی گئی۔ جبکہ اپوزیشن اراکین کے127 سوالات بھی قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتے تھے جبکہ متعدد مواقع پر احتجاج کی وجہ سے اپوزیشن اراکین ایوان موجود نہ تھے۔ پوزیشن کی عدم موجودگی کے باعث سوالات ٹیک اپ نہیں کیے گئے۔ قومی اسمبلی کے دو سے14 ویں سیشن کے دوران عمر ایوب نے36 سوالات جمع کروائے ان میں سے صرف16 قرعہ اندازی میں نکلے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے7 توجہ دلا نوٹسز جمع کرائے،2 ایوان میں لائے گئے اور بحث ہوئی جبکہ5 توجہ دلا نوٹسز لیپس ہوگئی۔ اپوزیشن نے مجموعی طور پر283  توجہ دلا نوٹسز جمع کروائے۔47  ایوان میں لائے گئے اور26  پر بحث ہوئی۔

مزیدخبریں