بانی پی ٹی آئی کی 2 درخواستیں‘ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت

Apr 17, 2025

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپیشل جج سنٹرل کی عدالت نے بچوں سے ہفتہ وار بات کرانے اور طبی معائنہ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی 2 درخواستوں پرتحریری فیصلہ جاری کردیا۔ سینئر سپیشل جج سنٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی۔ فیصلہ کے مطابق عدالت 10 جنوری اور 28 جنوری کو بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کا حکم دے چکی ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کرے ۔ بانی پی ٹی آئی کا 3 ڈاکٹرز عاصم یوسف ، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کی زیرنگرانی طبی معائنہ کروایا جائے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل آڈر کے حوالے سے تعمیلی رپورٹ 28 اپریل کو جمع کروائے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے بچوں سے واٹس ایپ پر بات اور ذاتی معالج سے چیک اپ کیلئے درخواست دی تھی۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کے لیے متفرق درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواستوں کی28  جنوری کے بعد تاحال سماعت نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں