عباس والا بند کا منصوبہ ہمارے دور کا تھا‘ ملک احمد یار ہنجرا
مظفرگڑھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا نے کہا ہے کہ عباس والا بند مضبوطی منصوبہ جو کہ ایک ارب 65کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیل پلیٹیں لگائی جارہی ہے یہ منصوبہ ان کے دور کا ہے, 2016-17میں شروع کئے گئے اس منصوبے کا وہ افتتاح بھی کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی آئی یو پراجیکٹ کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کی تمام فنڈنگ باہرسے ہو رہی ہے گورنمنٹ کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے، ملک احمد یار نے کہا منتخب نمائندگان اپنی طرف سے ابھی تک کوئی پراجیکٹ نہیں لا سکے اور ابھی تک انہیں کہ منظور کرائے گئے پراجیکٹوں پر افتتاح کر کے عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام سب جانتی ہے یہ منصوبے کس کے تھے، مقامی ایم پی اے ابھی تک اس حلقہ میں کوئی بھی پراجیکٹ نہیں لا سکا، انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کے کٹاو کی وجہ سے پل مگسن اور اس کے گردونواح میں دریا نے تباہی مچائی ہوئی ہے دریائی کٹاؤ سے ہزاروں ایکڑ اراضی دریا برد ہو چکی ہے، مقامی ایم پی اے کو چاہیے کہ بجائے جھوٹے افتتاح کرنے کے پل مگسن اور اس کے دیگر نزدیکی مواضعات میں اس کٹاؤ کا کوئی سدباب کریں تاکہ عوام کی بھلائی ہو سکے، انہوں نے مزید کہا کہ ہنجراء خاندان اپنے دور اقتدار میں اربوں کے ترقیاتی کام کرائے تھے جنہیں عوام آج بھی یاد کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ عباس والا بند افتتاح منصوبہ سے عوام بھی حیرت زدہ ہے اتنے بڑے منصوبے کیلئے کوئی اہم شخصیات کو افتتاح کیلئے آنا چاہے تھا مگر یہ مقامی ایم پی اے کی ہٹ دھرمی ہے کہ وہ انہیں کے سابقہ منصوبوں کا آج تک افتتاح کرتے آرہے ہیں۔