مقدمہ فراڈ کی شنوائی 30 اپریل تک ملتوی
ملتان (سپیشل رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے تین سال پرانے مقدمہ میں ملوث ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت وکلاء بحث کے لیے 30 اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ فاضل عدالت میں ملزم شیخ مقبول نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے خلاف پولیس تھانہ کینٹ نے سال 2018 میں مقدمہ نمبر 570 درج کیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم نے مدعی کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ کیا اور رقم واپس کرنے سے انکاری ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرکے جیل بھجوانا چاہتی ہے جبکہ مقدمہ مدعی کی بدنیتی پر مبنی ہے اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔