’’حکمرانوں کے تمام تر دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے‘‘
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) شیخوپورہ نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کے تمام تر دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں یہ ہر نئے دن کے ساتھ نیا جھوٹ بول رہے ہیں پی ٹی آئی حکومت اپنے تمام وعدے بھول چکی ہے اور خود عمران خان اپنی ہر بات پر یوٹرن لے چکے ہیں، نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے سٹی صدر میاں منور اقبال، میاں رفاقت علی، چوہدری شہباز احمد چھینہ، ملک اعجاز احمد، میاں تنویر احمد، ملک ندیم یوسف ڈالو اور چوہدری احسن رفیع گادی نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت تھی جس میں حکومت بری طرح ناکام ہوئی ہے ، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے عوام پر ظلم ڈھایا گیا ہے یہ اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیںحکومت نے عوام کی توقعات کا قتل کیا ہے ، نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کی حقیقت قوم پر عیاں ہوچکی ہے اب انکے اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا، انہوں نے کہا کہ حکمران ملکی معیشت چلانے کی سکت نہیں رکھتے اور نہ ہی ملکی ترقی کی صلاحیت کے حامل ہیں، موجودہ حکمرانوں نے بنیادی مسائل سے نظریں چرانے اور عوام کی توجہ درپیش حقیقی مسائل سے ہٹانے کیلئے احتساب کا ڈرامہ رچا یا معاشی اصلاحات کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے نا اہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کی کشتی کو بھنورمیں پھنسا دی ہے۔