کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کیلئے اشیاء ضروریہ کی خریداری کا عمل تیز کیا جائے جبکہ وزارت خزانہ اور نیشنل بینک آف پاکستان اس ضمن میں کارپوریشن کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کریں۔ ای سی سی کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کی تجاویز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ضمنی اور تکنیکی ضمنی گرانٹس کیلئے وزارتوں و ڈویژنز کے مختلف مطالبات پر غور کرتے ہوئے ان کی منظوری دی گئی۔ صنعت و پیداوار ڈویژن نے رمضان پیکیج کی صورتحال کے بارے میں کمیٹی کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ضروری اشیاء صرف کی خریداری کو تیز کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو بروقت سہولت دی جا سکے۔ ای سی سی نے رمضان پیکیج پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ اور نیشنل بینک آف پاکستان کو اس ضمن میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزارت پٹرولیم نے ای سی سی کو ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کیلئے پاکستان ریلوے کی خدمات بروئے کار لانے کے حوالہ سے کمیٹی کے فیصلہ پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزارت ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ بہت زیادہ حجم لے جانے کی استعداد رکھتی ہے اور مزید امکانات کا جائزہ لینے کیلئے وزارت پٹرولیم کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ای سی سی نے تخفیف غربت، صحت انصاف سکیم، وزیراعظم کے نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ و دیگر کے بارے میں اقدامات کے حوالہ سے معلومات کی تشہیر کے مقصد کیلئے میڈیا مہم کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات کی تجویز کی اصولی منظوری دی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کئی اداروں کی میزانیاتی ضروریات کا گذشتہ برس بجٹ تخمینہ جات کی تیاری کے موقع پر مناسب تجزیہ نہیں لیا گیا جو ضمنی گرانٹس کیلئے بہت زیادہ تعداد میں طلب کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے مختلف محکموں کی مالیاتی ضروریات کی مناسب بجٹ سازی کی ضرورت پر زور دیا جس سے مالی سال کے دوران ضمنی گرانٹس کی ضرورت کا تدارک ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل کے بجٹس میں ضمنی گرانٹس کو مرحلہ وار ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024