مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کل بروز جمعرات بڈگام، گاندربل اور سرینگر کے اضلاع میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل دہراتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت انتخابی ڈراموں کے ذریعے ستم رسیدہ کشمیریوں سے مقبوضہ علاقے میں جاری اپنے جبر واستبدادکی تائید چاہتا ہے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سے ان نام نہاد انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے، آزادی پسند رہنمائوں،کارکنوں اور سینکڑوں عام نوجوانوں کو بلا جواز طور پر قید کیا گیا ہے ، جموں وکشمیر کو اقتصادی طورپر مفلوج بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور یہاں کی مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے عدالتوں کو استعمال کیا جاتا ہے جبکہ دوسری طرف بھارتی حکمران انتخابی ڈرامہ رچاکر عالمی برادری کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نواز تنظیموں کے رہنمائوں کو کشمیریوں کے جینے مرنے سے کوئی غرض نہیں اور وہ ہر صورت الیکشن ڈرامے میں کامیابی حاصل کرکے بھارت کے فوجی قبضے کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لینا چاہتے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیریوں نے 6لاکھ سے زائد انسانی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور کوئی گھر یا خاندان نہیں جس کو زخم نہیں لگے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ الیکشن ڈراموں میں حصہ لینا اور ووٹ ڈالنا نہ صرف ان قربانیوں کے ساتھ غداری ہے بلکہ اس طرح سے ہم بھارت کے جبری فوجی قبضہ کو مضبوط بنانے کے مجرم بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ظالم اور جابر ہی نہیں بلکہ شاطر اور مکار بھی ہے اور وہ روز مرہ کے مسائل پر مانگے ہوئے ووٹوں کو اپنے جبری قبضے کی تائید کے طور پر پیش کرتا ہے۔ سید علی گیلانی نے بھارت نواز سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ا ن کی سیاست کا محور صرف اور صرف اقتدار ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے یہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور یہ لوگ کشمیریوں کی مشکلات اور مصائب کے لیے اصل غاصب سے زیادہ ذمہ دار ہیں لہذا کشمیری ہرگز انکے فریب نہ آئیں اور ڈھونگ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ علاوہ ازیں بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے قصبے ترال میں آج محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ، فوجیوں نے قصبے کے علاقے گلشن پورہ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کر دیا۔ تلاشی آپریشن میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ دریں اثنا بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے کل نام نہاد بھارتی پارلیمنٹ کے انتخابات کے دوسرے مرحلے سے پہلے سرینگر کے مختلف علاقوں میں نام نہاد سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں ۔ گاڑیوں ، ان میں سوار مسافروں اور راہگیروں کی بڑے پیمانے پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ بھارتی فورسز نے سرینگر کے نوگام، حیدر پورہ، چھان پورہ ، مولانا آزاد روڑ، بٹہ مالو، جہانگر چوک، بمنہ ، نشاظ باغ، مگر مل باغ، قمر واری ، پارمپورہ، سمنٹ کدل اور دیگر علاقے میں خصوصی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔ یاد رہے کہ کل جمعرات کو سرینگر، بڈگام اور گاندر بل کے علاقے میں نام نہاد انتخابات کا انعاد کیا جائے گا .
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38