لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگرملز، صاف پانی کرپشن اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 اپریل تک توسیع کر دی، عدالت نے آئندہ سماعت پر تینوں کیسز میں جواب جمع کروانے کا بھی حکم دے دیا ،توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی نیب لاہور اور ڈائریکٹر نیب لاہور کونوٹس جاری کرتے ہوئے 25اپریل کو طلب کر لیا ۔ بدھ کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس مرزا وقاص رائوف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کی صاف پانی کیس، اثاثہ جات کیس اوررمضان شوگر ملز کیس میں عبوری ضمانت میں 25 اپریل تکتوسیع کرتے ہوئے نیب کو ان کی گرفتاری سے روک دیا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تینوں کیسز میں جواب جمع کروانے کا بھی حکم دے دیا،وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمیں جواب کی کاپیاں مکمل طور پر فراہم نہیں کی گئیں، ہمیں جواب دینے کے لیے مہلت دی جائے، ہمیں نیب کے جوابات کی کاپیاں مکمل طور پر بروقت نہیں ملیں۔ دوسری جانب حمزہ شہباز کی جانب سے نیب حکام کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر عدالت نے ڈی جی نیب لاہور اور ڈائریکٹر نیب لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25اپریل کو جوب طلب کر لیا ۔ حمزہ شہباز نے عدالتی حکم کے باوجود ان کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارنے اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر نیب حکام کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کرنے کے درخواست دائر کی گئی تھی۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024